کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی ٹیم میں واپس آنے والے اوپنر فخر زمان نے اشارہ دیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں ان کے ساتھ بابر اعظم اوپننگ کریں گے۔ پی سی بی پوڈ کاسٹ میں بات چیت میں انہوں نے کہا کہ بابر اعظم جیسی کلاس کے بیٹر کے لیے نمبرمعنی نہیں رکھتا، مجھے امید ہے وہ میرے لیے چیزیں آسان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے انجری نہیں تھی، ہائپر تھائیرائیڈ ہو گیا تھا جس کی وجہ سے 10 کلو وزن کم ہوا اور پٹھے کمزور ہو گئے تھے۔ ریکوری میں وقت لگا، ڈومیسٹک میں شروع کے 4، 5 میچز مشکل تھے اور ایسا لگا جیسے کھیلنا بھول گیا ہوں ۔ چیمپئنز ٹرافی کیلئے پرجوش ہیں۔ دوسری جانب نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے میچ کے ٹکٹ مانگنے والوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ سب کو خوش نہیں رکھ سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے بال کا اپنا پریشر اور نئے بال سے وکٹ لینا بہت اہم ہوتا ہے، کوشش کرتا ہوں ڈسپلن کے ساتھ بولنگ کروں۔ چیمپئنز ٹرافی کیلئے تیار ہیں، یقین ہے کہ غلطی نہیں کریں گے اور کامیابی حاصل کریں گے۔