کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اگر سعودی عرب فلسطینی ریاست کا قیام چاہتا ہے تو وہ اپنے ملک میں اس کیلئے جگہ فراہم کردے،فلسطینی ریاست کے قیام کی شرط پر کسی ملک کیساتھ تعلقات قائم نہیں کرینگے، نیتن یاہو اسرائیلی چینل 14کو انٹرویو دیتے ہوئے سعودی عرب کے اس بیان کا حوالہ دے رہے تھے جس میں ریاض حکومت نے کہا تھا کہ فلسطینی ریاست کے قیام تک اسرائیل سے تعلقات قائم نہیں ہوسکتے۔ نیتن یاہو نے دعوی کیا کہ فلسطینی ریاست کا قیام حماس کی فتح اور اسرائیل کی شکست ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں نیتن یاہو نے کہا اگر وہ فلسطینی ریاست چاہتے ہیں تو وہ اسے سعودی عرب میں قائم کر سکتے ہیں۔ ان کے پاس وسیع اراضی ہے۔ نیتن یاہو نے کہا کہ وہ کسی بھی ملک کے ساتھ اس شرط پر حالات کو معمول پر لانے کو قبول نہیں کریں گے کہ فلسطینی ریاست قائم ہو، انہوں نے مزید کہا کہ "ہم ایسا معاہدہ نہیں کریں گے جس سے اسرائیل کی ریاست کو خطرہ ہو"۔