واشنگٹن (اے ایف پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پابندیوں کے باوجود عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی ) نے دنیا کو انصاف اور امید کی فراہمی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے ، اقوام متحدہ نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی عدالت پر لگائی گئی پابندیاں واپس لے جبکہ یورپی یونین نے کہا ہے کہ پابندیوں کے بعد آئی سی سی کی آزادی خطرے میں ہے ۔ اسرائیلی وزیر خارجہ نے امریکی صدر کے اقدام کی بھرپور حمایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے امریکی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے اس کے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ عدالتی کام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ عالمی عدالت نے ایک بیان میں کہا کہ عدالت اپنے عملے کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور دنیا بھر میں مظالم کا شکار ہونیوالے لاکھوں بے گناہوں کو انصاف اور امید کی فراہمی جاری رکھنے کا عہد کرتی ہے۔