• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت اسلامی نے قومی انتخابات میں بدترین دھاندلی کیخلاف یوم سیاہ منایا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پرالیکشن 2024 کی بدترین دھاندلی کے خلاف اعلانیہ ملک گیر یوم سیاہ کے سلسلے میں کراچی میں بھی یوم سیاہ منایا گیا۔صوبائی اعلامیہ کے مطابق گزشتہ روزیوم سیاہ کے سلسلے میں کراچی،جیکب آباد،دادو، کندھکوٹ، میرپورخاص اورعمرکوٹ سمیت متعدد مقامات پر پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے اورریلیاں نکالی گئیں۔مظاہرین نے حکومت مخالف سخت نعرے بازی جبکہ ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر جعلی انتخابات اورجعلی قیادت نامنظور،ساڈاحق ایتھے رکھ،لاٹھی گولی کی سرکار نہیں چلے گی، عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا جائے کے نعرے درج تھے۔حافظ سلمان خالد، غلام مصطفیٰ میرانی، محمد ابوبکر سومرو، محمد طلحہ کھوکھر، محمد موسیٰ ببر، سید علی مردان شاہ، عبد الکریم بلیدی ودیگر مقررین کا کہنا تھاکہ 8فروری 2024، جمہوری تاریخ کا سیاہ ترین دن، جب ہارنے والوں کو فارم 47 پر جتوا دیاگیا۔8فروری 2024کو ہونے والے عام انتخابات ملکی تاریخ کے بدترین دھاندلی زدہ انتخابات ثابت ہوئے۔ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر انتخابی نتائج کو تبدیل کیا گیا، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں شدید بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید