کراچی ( اسٹاف رپورٹر )گلستان جوہر میں فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر تھانے کی حدود گلستان جوہر بلاک 16 الاصفا شادی ہال کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت فیاض ولد ایاز کے نام سے کی گئی۔ مقتول گلستان جوہر بلاک 10 قلندرآباد کا رہائشی تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق رحیم یار خان سے تھا ۔ پولیس کے مطابق واقعہ مقتول اور ملزم کی بیوی کے درمیان مبینہ تعلقات کے باعث پیش آیا۔پولیس نے بتایا کہ مقتول اپنے آبائی علاقے کے رہائشی شہباز کی بیوی کو بھگا کر لے گیا اور اس سے نکاح کر لیا تھا ۔ہفتے کی صبح ملزم شہباز مقتول فیاض کو اپنی ہی موٹرسائیکل پر بٹھا کر گلستان جوہر بلاک 16 میں لایا اور تین گولیاں مار کر قتل کر دیا۔پولیس نے شہریوں کی مدد سے ملزم شہباز کو گرفتار کر کے آلہ قتل پستول برآمد کر لیا ۔پولیس نے بتایا کہ ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔