کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عوامی خدمت کسی تشہیر کی محتاج نہیں، رکشے پر تصویر لگائے بغیر بھی کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں، ایک شخص لاہور بھاگ گیا، مگرمچھ کے آنسو رونا بند کیا جائے، کراچی کے9 ٹاؤنز پر قبضہ کر رکھا ہے، پھر بھی عوامی ہمدردی کا ڈرامہ کیا جا رہا ہے۔ میئر کراچی نے واضح کیا کہ کسی کے والد صاحب کی میئر شپ نہیں کہ وہ استعفیٰ دے دیں! وہ عوامی مینڈیٹ کے تحت کام کر رہے ہیں،وہ ہفتے کو یہاں ضلع وسطی میں 40کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کررہے تھے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اعلامیے کے مطابق میئر کراچی نے کے ڈی اے کے تعاون سے نیو کراچی ٹاؤن، خمیسو گوٹھ میں 20کروڑ روپے کی اسکیم کا افتتاح اور 20کروڑ روپے کی تخمینی لاگت سےنیو کراچی ٹاؤن میں ہی یو سی ایک تا 5کے پمپنگ اسٹیشنز کا سنگ بنیاد رکھا۔ میئر نے خمیسو گوٹھ میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کے تحت علاقے میں سیوریج نظام کی بحالی اور سڑک کی تعمیر مکمل کی گئی ہے، ہمارے یہاں آنے کا مقصد عوام کو ترقیاتی کاموں کا تحفہ دینا ہے، 20 کروڑ روپے کی لاگت سے 6ہزار فٹ سیوریج لائن بحال اور ایک لاکھ 90ہزار اسکوائر فٹ رقبے پر پیور بلاکس لگائے گئے ہیں،صبا پمپنگ اسٹیشن اور اجمیر نگری پمپنگ اسٹیشن کی ازسرنو تعمیر کا کام بھی جلد شروع کیا جائے گا، مومن آباد اور منگھو پیر ٹاؤن میں بھی پیپلز پارٹی کی جانب سے ترقیاتی کام جاری ہیں، جب کہ گلشن ٹاؤن میں ایل ایس آر کے پمپنگ اسٹیشن کی ازسرِنو تعمیر مکمل ہونے کے بعد اسے 15 جنوری کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔