کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلشن اقبال قائداعظم کالونی میں پولیو کے قطرے پلانے سے انکار پر جھگڑا،مبینہ ٹاؤن پولیس نے تین بھائیوں سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعہ سمیت دیگر دفعات کے تحت سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مبینہ ٹاون تھانے کی حدود قائداعظم کالونی گلشن اقبال میں پولیو ٹیم موجود تھی۔ایک گھر کے مکینوں نے بچوں کو پولیو قطرے پلانے سے انکار کیا۔ٹیم نے انھیں سمجھانے کی کوشش کی تو انہوں نے جھگڑا اور گالم گلوچ شروع کردی۔ جھگڑے کے دوران کانسٹیبل عمرفاروق کا یونیفارم پھٹ گیا۔گرفتار ملزمان میں عمران، عرفان، ارسلان اور فیصل شامل ہیں جبکہ چار سے پانچ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔فرار ہونے والے دو ملزمان کے نام قمر الزمان اور آصف معلوم ہوئے ہیں۔