کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بورڈ روم میں ہوا۔ اجلاس میں 117 دن کی ریکارڈ مدت میں قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو مکمل کرنے پر محسن نقوی اور ان کی پوری ٹیم سے خصوصی طور پر تشکر کا اظہار کیا گیا،بی او جی کے ممبران نے قذافی اسٹیڈیم کے تعمیر نو کے پراجیکٹ کی تکمیل پر کہا کہ چیئرمین اور پی سی بی کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے ناممکن کو ممکن بنا دیا ہے اور اس پراجیکٹ سے تمام پروپیگنڈ ا بھی دم توڑ گیا ہے۔اتنی قلیل مدت میں ایک شاندار ا سٹیڈیم کی تکمیل صرف محنت اور لگن سے ممکن ہوئی ہے۔ ہم خود بھی حیران ہیں اور ہمیں یقین نہیں آ رہا کہ ا سٹیڈیم مکمل ہو چکا ہے۔ ہم نے تنقید کی پرواہ نہیں کی اور اللہ کی مدد سے آگے بڑھتے گئے۔انہوں نے کہا کہ میری ٹیم اور خاص طور پر ورکرز نے اس خواب کو حقیقت کا روپ دیا ہے۔اجلاس میں پی سی بی کے مختلف امور کی منظوری دی گئی اور بورڈ آف گورنرز کی گزشتہ میٹنگ کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔اجلاس کے اختتام پر انوار غنی نے خصوصی دعا کی۔ اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر، چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضی۔ بورڈ آف گورنرز کے ممبران ظہیر عباس، انوار غنی، دانیال گیلانی، طارق سرور، سجاد علی کھوکھر، ظفر اللہ اور دیگر نے شرکت کی۔