• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسما جتک کے اغواء کیخلاف جماعت اسلامی کا احتجاجی مظاہرہ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام ضلعی صدر عبدالنعیم رند کی قیادت میں خضدار سے اسما جتک کے اغواء ، عدم بازیابی اور ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، اس موقع پر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور نعرے بازی کررہے تھے ۔ مظاہرین سے عبدالنعیم رند ، زاہد اختر بلوچ ، عبدالحمید منصوری ، جمیل مشوانی ، عارف دمڑ ، ارشد یوسفزئی سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے جہاں بھی ظلم ہو اس کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کی ہے ۔ آج ہم خضدار کی معصوم بیٹی اسماء جتک کے اغواء و عدم بازیابی اور ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف سراپا احتجاج ہیں ۔ مقررین نے کہا کہ بلوچستان میں ظلم ، جبر اور اغواء کاری کا سلسلہ جاری ہے ، حکمران ہوش کے ناخن لیتے ہوئے اسماء جتک کو بازیاب ، اغواء کاروں اور ان کی سرپرستی کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لاکر سزا دئے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت فارم 47 کی مرہون منت ہے جس کی وجہ سے ملک بحرانوں میں گھر گیا ہے ، جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کے لئے آواز بلند کی ملک کے مسائل حل کرانے کے لئے آواز بلند کرتی رہی ہے اور کرتی رہے گی ۔
کوئٹہ سے مزید