بھارتی ڈیجیٹل کریئٹر صوفی موتی والا کو اداکارہ ماورا حسین کے نکاح کے جوڑے پر تنقید کرنا مہنگا پڑگیا۔
صوفی موتی والا نے ماورا حسین کے نکاح کے جوڑے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ سبیاساچی اور منیش ملہوترا کے بغیر دنیا میں رہتے ہیں تو ایسا ہی ہوتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے دکھی دل کے ساتھ یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ مجھے ماورا حسین کے نکاح کے جوڑے کا دوپٹہ پسند نہیں آیا لیکن خیر انہیں شادی مبارک ہو۔
صوفی موتی والا کا ماورا حسین کے جوڑے پر تنقید کرنا پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین کو بالکل پسند نہیں آیا۔
اداکارہ نادیہ افگن نے لکھا کہ واہ، اس طرح کا ظالم ہونے کے لیے خاص قسم کا ہنر درکار ہوتا ہے۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ شادی کا دن محبت، خوشی، اور ملن کا جشن منانے کے لیے ہوتا ہے اس طرح کے اظہارِ رائے کے لیے نہیں۔
نادیہ افگن نے یہ بھی لکھا کہ اگر بطور فیشن نقاد آپ اپنا کیریئر نہیں بنا سکتے تو آپ انسان بننے کی کوشش تو کر ہی سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ پاکستانی ڈیزائنر زہرا سرفراز نے لکھا کہ صوفی صاحب میری سمجھ میں یہ نہیں آیا کہ ہم آپ کے لوگوں کو اتنی محبت دیتے ہیں تو پھر آپ کے لیے ہمارے لوگوں کو عزت دینا اتنا مشکل کیوں ہے؟
اُنہوں نے مزید لکھا کہ مختصراََ مجھے ماورا حسین کے جوڑے کی سب سے اچھی بات یہ لگی کہ اس میں ان کی اپنے پیاروں سے محبت جھلک رہی تھی لیکن آپ کو ان خاص چیزوں کو سمجھنے کے لیے اپنی چھوٹی سوچ سے باہر نکلنا پڑے گا۔
شدید تنقید کا سامنا کرنے کے بعد صوفی موتی والا نے انسٹاگرام پر ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے اس ویڈیو میں کہا کہ مجھے ماورا حسین کے نکاح کا جوڑا پسند نہیں آیا لیکن اب مجھے اس جوڑے کی ثقافتی اہمیت پتہ چل گئی ہے تو میں یہ واضح کر دوں کہ میں نے یہ نہیں کہا تھا کہ یہ جوڑا ثقافتی طور پر اچھا نہیں ہے بلکہ میں نے یہ کہا تھا کہ مجھے ذاتی طور پر یہ جوڑا پسند نہیں آیا۔