• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت اور انگلینڈ کے میچ میں فلڈ لائٹس کی خرابی، میچ کافی دیر تک معطل

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارتی شہر کٹک کے  باراباتی اسٹیڈیم میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان جاری دوسرے ون ڈے میچ کو غیر متوقع طور پر دوسری اننگز کے ساتویں اوور میں روک دیا گیا۔

بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانیوالے دوسرے ون ڈے میچ کے دوران فلڈ لائٹس کی خرابی کے باعث کھیل کو 35 منٹ تک روکنا پڑا، جو بھارتی کرکٹ بورڈ  کیلئے شرمندگی کا باعث بن گیا۔

انگلینڈ کی جانب سے 305 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کی بیٹنگ جاری تھی کہ ساتویں اوور میں کلاک ٹاور کے قریب لگی ایک فلڈ لائٹ بند ہوگئی، جس سے میدان میں روشنی کم ہوگئی اور کھلاڑیوں کو میدان چھوڑنا پڑا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق میچ میں یہ مسئلہ پہلی بار شام سوا 6 بجے سامنے آیا جب کچھ فلڈ لائٹس لمحہ بھر کے لیے بند ہو گئیں، تاہم جیسے ہی انگلش پیسر ثاقب محمود نے روہت شرما کو گیند کروانے کی تیاری کی تو بجلی بحال ہوگئی اور کچھ ہی لمحوں بعد روشنی مکمل طور پر گل ہوگئی جس سے کھلاڑی مایوس ہوگئے اور امپائرز نے فوری طور پر کھیل روک دیا۔

اس دوران  شائقین کی جانب سے بدنظمی بھی دیکھنے میں آئی اور ان کے بےقابو ہونے پر اسٹیڈیم کے دروازوں پر موجود پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔

فلڈ لائٹس کی خرابی پر منتظمین کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ فلڈ لائٹس کے ساتھ منسلک جنریٹر میں خرابی پیدا ہو گئی تھی، جس کی وجہ سے کلاک ٹاور کے پیچھے والے مخصوص اسٹینڈ کی لائٹس بند ہو گئیں۔

انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہم نے بیک اپ جنریٹر کو آن کیا لیکن ایک جنریٹر سے دوسرے جنریٹر میں کنکشن منتقل کرنے میں وقت لگا، جس کی وجہ سے تاخیر ہوئی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید