اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان نے سعودی عرب میں فلسطینی ریاست قائم کرنے کے اسرائیلی مشورے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیز اور ناقابل قبول قرار دیا ہے، وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ فلسطینی عوام اور ان کے جائز مقصد کیلئے سعودیہ کی مستقل حمایت کو سراہتے ہیں اور سعودی عرب کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں ۔دفتر خارجہ کی طرف سے اتوار کو جاری بیان میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیل کا بیان غیر ذمہ دارانہ، اشتعال انگیز اور سمجھ سے عاری ہے جو نہ صرف انتہائی جارحانہ ہے بلکہ فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور اپنی تاریخی اور قانونی سرزمین پر ایک آزاد ریاست کے جائز حقوق کو بھی پامال اور نظر انداز کرتا ہے۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور فلسطینی عوام اور ان کے جائز مقصد کے لئے سعودی عرب کی مستقل حمایت کو سراہتا ہے۔ سعودی عرب کے غیر متزلزل موقف کو کمزور کرنے کی کوئی بھی کوشش اور فلسطینی کاز سے اس کی وابستگی کو غلط انداز میں پیش کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔