اسلام آباد (ساجد چوہدری )وفاقی حکومت نے اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ تبدیل کر دیا ہے ،چیئرپرسن راعنا سعید عہدے سے پھر فارغ ہو گئیں جبکہ وفاقی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی عائشہ حمیرا چوہدری بورڈ کی نئی چیئرسن ہونگی، اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بورڈ کے دیگر ممبران میں جوائنٹ سیکرٹری ایڈمن اینڈ ڈویلپمنٹ وزارت موسمیاتی تبدیلی ، ممبر انوائرمنٹ سی ڈی اے ، مئیر کی اجازت سے ایم سی آئی سے گریڈ بیس ممبر اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی بورڈ کے ممبر ہونگے، حکومت کی طرف سے اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی تبدیلی کے بعد راعنا سعید خان کوچیئرپرسن بورڈ کے عہدے ایک مرتبہ پھرعہدے سے ہٹا دیا ہے ، اس سے قبل انہیں گزشتہ سال بھی اس عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا، سابق چیئرپرسن اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے اس فیصلے پر کہا ہے کہ یہ سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہے، وائلڈ لائف بورڈ کا مطلب ہمیشہ سے ایک خود مختار ادارہ ہونا تھا، جو سی ڈی اے اور حکومت سے آزاد ہو، اب حکومت نے ایک بورڈ تشکیل دیا ہے جس کی صدارت سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی کر رہی ہیں، ادارے کو حکومت نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔