کمبھ کے میلے کے باعث بھارت میں 300 کلومیٹر طویل ٹریفک جام میں 48 گھنٹے گاڑیاں پھنسی رہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مہا کمبھ کے میلے میں شرکت کے لیے جانے والے ہزاروں افراد 300 کلو میٹر طویل ٹریفک جام میں پھنسے رہے۔
رپورٹ میں بھارتی پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ٹریفک کو منظم کرنے میں مشکل محسوس کرتے ہوئے ریاست مدھیا پردیش کے کئی اضلاع میں پولیس نے ریاست اتر پردیش کے شہر پریاگ راج (سابقہ الہٰ آباد) جانے والے راستے پر گاڑیوں کی آمد و رفت روک دی۔
بھارتی پولیس کے مطابق پریاگ راج کی طرف جانا ناممکن ہے کیونکہ وہاں 200 سے 300 کلومیٹر طویل ٹریفک جام ہے۔
بھارتی پولیس نے ٹریفک جام کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ٹریفک جام ہفتے کے آخر میں رش کی وجہ سے ہوا تھا، کچھ دنوں میں صورتِ حال میں بہتری آنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹریفک جام میں پھنسے ایک شخص نے بتایا کہ ٹریفک جام میں گاڑیاں 48 گھنٹوں سے پھنسی ہوئی ہیں کیونکہ صرف 50 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے میں تقریباً 10سے 12 گھنٹے لگ رہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وارانسی، لکھنؤ اور کانپور سے پریاگ راج جانے والے راستوں پر 25 کلومیٹر تک ٹریفک جام رہنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے یہاں تک کہ شہر کے اندر جہاں مہا کمبھ میلہ جاری ہے وہاں بھی 7 کلومیٹر طویل ٹریفک جام رہا۔
رپورٹ کے مطابق کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے بچنے کے لیے پریاگ راج سنگم ریلوے اسٹیشن کو بھی بند کر دیا گیا۔
رپورٹ میں پریاگ راج سنگم ریلوے اسٹیشن بند کرنے کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ اسٹیشن کے باہر بھاری بھیڑ کی وجہ سے مسافروں کو اسٹیشن سے باہر نکلنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔