کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی کال پر صحافیوں کا اہم اجلاس کوئٹہ پریس کلب میں ہوا ، جس میں میں بی یو جے عہدیداروں سمیت سینئر صحافیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ اجلاس میں متنازع پیکا ایکٹ کے خلاف پاکستان فیڈری یونین آف جرنلسٹس کی کال پر علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ کے قیام سمیت دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا لیا اور فیصلہ کیا گیا کہ علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ 12 سے 14 فروری تک کوئٹہ پریس کلب کے باہر جاری رہے گا ۔ اجلاس میں آزادی صحافت کے خلاف جاری حکومتی اقدامات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صحافیوں نے کہا کہ حکومت سرکاری وسائل اور اختیارات عوامی خدمت کے بجائے ایسے اقدامات کے لیے استعمال کررہی ہے جو عوام کے بنیادی آئینی حقوق سے متصادم ہیں ، مشاورت کے بغیر ہونے والی پیکا ایکٹ جیسی قانون سازی حکومت کا دہرا معیار ہے ۔