کوئٹہ (خ ن) بلوچستان فوڈ اتھارٹی صوبے بھر میں غیر معیاری خوراک کی فروخت کے خلاف بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ زائد المیعاداور ممنوعہ خوردنی اشیاء کی فروخت کی روک تھام کے لئے بی ایف اے کی انسپکشن ٹیموں نے کوئٹہ، صحبت پور، مسلم باغ اور سبی میں مختلف مراکز پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 20 سے زائد خوراک کےکاروباری مراکز پر جرمانے عائد کردئیے ۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں دودھ میں خشک پاؤڈر اور پانی کی ملاوٹ پر 3 ملک شاپس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ سمنگلی اور مغربی بائی پاس کے علاقوں میں زائد المیعادو ممنوعہ مصنوعات فروخت کرنے پر 4 جنرل اسٹورز کے خلاف ایکشن لیا گیا۔دوران انسپکشن ایئرپورٹ روڈ اور ملحقہ علاقوں میں 6 کاروباری مراکز مالکان کو لائسنس کے بغیر اشیاء خوردونوش کی فروخت پر جرمانہ کیا گیاجبکہ کوئٹہ کی معروف فوڈ اسٹریٹ پرنس روڈ پر 2 ریسٹورنٹ اونرز کو ناقص صفائی اور پکوان میں استعمال شدہ کوکنگ آئل کے استعمال پر جرمانہ کیا گیا۔