اسلام آباد (صالح ظافر) ترک صدر رجب طیب اردوان آج سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ وہ وفاقی دارالحکومت میں 24 گھنٹے قیام کریں گے۔ وزیرِاعظم ہاؤس کے باخبر ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ صدر اردوان کا نور خان ایئربیس پر وزیرِاعظم شہباز شریف استقبال کریں گے، جنہوں نے معزز مہمان کو دورے کی دعوت دی ہے۔ خاتون اول امینہ اردوان بھی ان کے ہمراہ ہوں گی۔ سابق وزیرِاعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف وزیرِاعظم ہاؤس میں ترک صدر سے ملاقات کریں گے۔ ایک غیر معمولی اعزاز کے طور پر، پاکستان ایئر فورس کے لڑاکا طیارے وزیرِاعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر کے دوران صدر اردوان کو سلام پیش کریں گے۔