کراچی(اسٹاف رپورٹر ) انتظامیہ ناکام، شہر میں ہیوی ٹریفک کا خونی کھیل منگل کو بھی نہ رک سکا، مختلف علاقوں میں تیز رفتار ڈمپر اور انٹر سٹی کوچ کی ٹکر سے خاتون سمیت 2افراد جاںبحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق موچکو تھانہ کی حدود ہاکس بے روڈ مشرف کٹ کے قریب تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے30سالہ صدیق ولد محمد انور جاں بحق ہوگیا، حادثہ کی اطلا ع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر متوفی کی لاش کو اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی ڈیفنس کا رہائشی تھا، موٹر سائیکل پر ہاکس بے روڈ پر جارہا تھا کہ تیز رفتار ڈمپر نے ٹکر ماردی جسکے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کے بعد ڈمپر ڈرائیور ڈمپر موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگیا، پولیس نے ڈمپر کو قبضے میں لیکر واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ موچکو تھانہ کی حدود بلدیہ لکی چڑھائی کے قریب انٹر سٹی جلوانی کوچ کی ٹکر سے موٹر سائیکل سائیکل سوار 25 سالہ عائشہ زوجہ فقیر محمد موقع پر جاں بحق ہوگئی، پولیس کے مطابق متوفیہ رئیس گوٹھ کی رہائشی تھی اپنے شوہر کے ساتھ موٹر سائیکل پر جارہی تھی کہ تیز رفتار کوچ نے ٹکر ماردی اور موقع سے فرار ہوگیا۔