• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کی شرکت کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، رحمت بلوچ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)نیشنل پارٹی کے رہنما ،رکن اسمبلی وسابق صوبائی وزیر میر رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ خواتین کی شرکت کے بغیر معاشرے میں ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ خواتین ملک کی آبادی کا نصف ہیں اور اس وقت ملک کے اہم عہدوں پر بطریق احسن فرائض سرانجام دے رہی ہیں جن کی جتنی حوصلہ افزائی کی جائے کم ہے۔ دور جدید کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے خواتین کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آبرو ہوم میں بلوچستان ویمن بزنس فورم کے زیراہتمام خواتین کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بلوچستان ویمن بزنس فورم کی صدر فائزہ مینگل، وفاقی محتسب برائے خواتین کی ریجنل ہیڈ جسٹس ریٹائرڈ طاہرہ بلوچ، ایڈمنسٹریٹر آبرو ہوم ناہید کریم سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین کو ہر شعبے میں موثر نمائندگی دی جائے، اس ضمن میں ہم اسمبلی فلور پر بھی آواز بلند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی خواتین کے حقوق کی علمبردار ہے، ہمیشہ 8مارچ کو عالمی یوم خواتین کے موقع پر نیشنل پارٹی کے زیراہتمام تقریب منعقد ہوتی ہے ۔قبل ازیں انہوں نے آبرو ہوم کے سرپرست بریگیڈیئر عبدالرزاق بلوچ مرحوم کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اپنی تنخواہ سے دو لاکھ روپے آبرو ہوم کیلئے عطیہ کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ وہ اپنے دیگر ارکان اسمبلی کے ساتھ مل کر آبرو ہوم کی بزرگ خواتین کیلئے ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل کرنے کے لئے کردار ادا کریں گے۔
کوئٹہ سے مزید