پاکستانی معروف اداکارہ و میزبان جویریہ سعود کا کہنا ہے کہ اگر برانڈڈ کپڑے نہ پہنوں تو شوبز کے لوگ طعنے دیتے ہیں کہ ان کی تو کوئی کلاس ہی نہیں ہے۔
حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے شادی بیاہ کے موقع پر ہونے والے اخراجات اور معاشرتی رویوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
دورانِ شو اس بات پر روشی ڈالی گئی کہ آج کل لوگوں میں دکھاوا اس قدر بڑھ گیا ہے کہ لوگ ایک دوسرے سے آگے نکلنے اور نیچا دکھانے کے لیے کیا کچھ نہیں کرتے، اپنی چادر سے بڑھ کر پیر پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں جس کی وجہ سے زندگی مشکل ہو گئی ہے۔
اس حوالے سے جویریہ سعود نے کہا کہ اگر ہم اپنے ارد گرد میڈیا کے لوگوں کی بات کریں تو تقریباً تمام لوگ دنیا گھومے ہوئے ہیں لیکن انہیں بھی برانڈز کا جنون ہے، اگر کوئی برانڈڈ اور مہنگے کپڑے نہ پہنے یا کسی سستی دُکان سے کپڑے خرید کر پہن لے تو کہتے ہیں کہ اس کی کوئی ’کلاس‘ نہیں ہے۔
اداکارہ کے مطابق کلاس کپڑوں سے نہیں انسان کی شخصیت سے آتی ہے، کلاس تو وہ ہوتی ہے جب ایک شخص 100 روپے کی چیز پہنے اور وہ لاکھوں کی لگے یہ نہیں کہ لاکھوں کی چیز پہن کر بھی ٹکے کے نہ لگیں، اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے، اہمیت تو انسان کی شخصیت کی ہوتی ہے۔