نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے کہا ہے کہ ہم نے ابھی تک اپنی پلیئنگ الیون فائنل نہیں کی ہے، فائنل سے قبل ہمیں تیاری کا اچھا وقت مل گیا ہے۔
کراچی میں سہ فریقی سیریز کے فائنل سے ایک دن قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیوی کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے آخری میچ میں ہدف کا شاندار تعاقب کیا، فائنل میں بھی ایک زبردست میچ کی امید ہے۔ میچز ہائی اسکورنگ ہو رہے ہیں، فائنل میں بھی یہی امید ہے۔
مچل سینٹنر نے کہا کہ ان کنڈیشنز میں بولرز کیلئے کافی چیلنج ہوتا ہے، یہاں مڈل اوورز میں وکٹ لینا ضروری ہے، مڈل اوورز میں وکٹ لے کر رنز بنانے کی رفتار کم کر سکتے ہیں۔
سینئر کھلاڑیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کیوی کپتان کا کہنا تھا کہ کین ولیمسن نے بتادیا کہ وہ ہر طرح کی کنڈیشنز میں اچھا کھیل سکتے ہیں۔ امید ہے کہ فائنل میں بھی کین ولیمسن بڑا اسکور کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بیٹرز اچھا کر رہے ہیں جو ایک مثبت بات ہے۔ راچن رویندرا پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں، مگر وہ کل کا میچ نہیں کھیلیں گے۔ ہم انہیں واپس لانے کیلئے کوئی جلد بازی نہیں کرنا چاہتے۔
واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز میں اپنے دونوں میچز جیت کر نیوزی لینڈ نے سب سے پہلے فائنل کا ٹکٹ بک کیا تھا، جبکہ پاکستان نے گزشتہ روز جنوبی افریقہ کے خلاف ریکارڈ ٹوٹل حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔