کراچی(اسٹاف رپورٹر) مہاجرقومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ آخری سانس تک اپنے شہر کا مقدمہ لڑتا رہوگا،آہمیں چھاپوں اور گرفتاریوں سے ڈرایا نہیں جاسکتا، یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ ظلم کے خلاف مظلوم کی آواز بننے کا ہے،میر ے اقدام کو لسانی رنگ دینے کی بجائے حقائق کو سمجھا جائے، چیئر مین آفاق احمد نے سینٹرل جیل سے جاری قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آج نا صرف کراچی کی عوام بلکہ دیگرشہروں اور صوبوں سے میرے اقدام کی تائیدنے میر ے عزم و حوصلے کو مزید تقویت بخشی ہے جس پر میں اپنے لوگوں کا شکر گزار ہوں،جنہوں نے میرے اقدام پر میرے حق میں ویڈیو پیغام جاری کر کے شہر کونئی سوچ دی ہے،میرا اقدام کسی مخصوص قومیت، فرقے یاطبقے کیلئے نہیں بلکہ شہر میں بسنے والے 3کروڑ عوام کے حق میں کیا گیا ہے۔ آفاق احمد نے کہا کہ کچھ لوگ میرے اقدام کو لسانی رنگ دیکر اپنی سیاست کو چمکانا چاہتے ہیں میں ان سے بھی درخواست کرتا ہوکہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ ظالم کے خلاف مظلوم کی آواز بننے کاہے۔