کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)تنظیم اسلامی حلقہ بلوچستان کے زیراہتمام فحاشی وعریانی کے خلاف جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا ، مظاہرے سے تنظیم اسلامی حلقہ بلوچستان کوئٹہ کے امیر فدا احمد رند و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا معاشرہ روحانی و اخلاقی حوالے سے نہ صرف پستی کی طرف بڑھ رہا ہے بلکہ بے حیائی ، عریانی و فحاشی اور اخلاقی باختگی کو جدت پسندی اور آزادی کا نام دیا جارہا ہے ، بے حیائی و بے پردگی کو جدت پسندی ، آزادی اور ترقی کا نام دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کا اچھا خاصہ حصہ مغربی تہذیب کو قبول کرچکا ہے ، ہمارا موجودہ تعلیمی نظام بھی اسی نظریے کی تائید کرتا ہے اس کیلئے ضروری ہے کہ ریاستی سطح پر معاشرے کو مغربی تہذیب سے نکالا اور فحاشی ، عریانی ، بے حیائی کی واضح تعریف کی جائے کیوں کہ معاشرے میں اس کی پہچان بھی مشکل ہورہی ہے ، حکومتی سطح پر سوشل میڈیا کے ذریعے اس سیلاب کو روکنے کی طرف توجہ دی جائے ، موبائل فون پر رات کے پیکجز پر پابندی عائد کی جائے ، تعلیمی اداروں اور اسپتالوں میں مردوں اور خواتین کے علیحدہ نظام قائم کیے جائیں ، فحاشی پر مبنی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی جائے ، بچوں اور خواتین کیلئے تفریحی پارکس الگ بنائے جائیں۔