جنوبی بھارت کے مشہور تامل اداکار وجے کو سیاست میں انٹری دینے سے قبل وائے سیکیورٹی فراہم کردی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وجے اپنی نئی سیاسی جماعت تملگا ویٹری کذگم (ٹی وی کے) کے ساتھ سیاست میں قدم رکھنے جا رہے ہیں، لہٰذا انہیں ممکنہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے 8 افراد پر مشتمل خصوصی سیکیورٹی اسکواڈ دے دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وجے کی سیکیورٹی ٹیم میں 2 کمانڈوز اور 6 پولیس اہلکار شامل ہوں گے۔ یہ سیکیورٹی صرف تامل ناڈو میں دستیاب ہوگی۔
تامل ناڈو وزارت داخلہ کی جانب سے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور ذاتی سیکیورٹی افسر کو ان کی حفاظت کےلیے تعینات کیا گیا ہے۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب وجے نے اپنی پارٹی ٹی وی کے کو مستحکم کرنے اور 2026 کے انتخابات کی تیاریوں میں مزید سرگرم ہونے کا فیصلہ کیا۔ وہ جلد ہی روڈ شو کے ذریعے عوام سے ملاقات کریں گے اور اپنے سیاسی نظریات کو واضح کریں گے۔