راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال راولپنڈی میں مریضوں، مسافروں اور ناداروں کیلئے 24گھنٹے مفت کھانے کیلئے سیدہ فاطمۃ الزہرہ مہمان خانے کا قیام عمل میں آ گیا۔ افتتاحی تقریب میں چیئرمین سویٹ ہوم زمرد خان‘ وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر‘ ایم ایس ڈی ایچ کیو راولپنڈی ڈاکٹر فرزانہ ظفر‘ ڈاکٹر روبابہ‘ ڈاکٹر فریال گوہر‘ ڈاکٹر فیصل‘ ڈی ایم ایس ڈاکٹر مظفر‘ اسسٹنٹ کمشنر سٹی‘ مسلم لیگی رہنمائوں اور دیگر نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر نے کہا کہ اس عظیم کار خیر سے مستحقین مستفید ہونگے۔ راولپنڈی کے دیگر دو الائیڈ ہسپتالوں ہولی فیملی اور بینظیر بھٹو ہسپتال میں اس کارخیر کا دائرہ وسیع کیا جائے تو معاونت کی جائیگی۔ زمرد خان کی خدمات پر انہیں اعزازی ڈاکٹر کی ڈگری دینے کی سفارش کرونگا۔ زمرد خان نے کہا کہ میں نے سوات آپریشن کے دوران سویٹ ہوم کی بنیاد رکھی تھی‘ آج اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ یہ ادارہ پاکستان بیت المال سے بھی بڑھ کر ہوگیا ہے ۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر نے مہمان خانے کیلئے 10ہزار روپے بطور عطیہ دیئے۔