پشاور (خصوصی نامہ نگار) ناظم اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پشاور ارشدد خان نے کہا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب مین گیٹ کی بندش اور کیمپس کے اندر مختلف مقامات پر بیریئرز لگانے کے فیصلے نے طلباء وطالبات کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ اس اقدام کے باعث طلبہ کو روزمرہ کی نقل وحرکت میں دشواری کا سامنا ہے جبکہ ان کی تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ نے انتظامیہ کے اس فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے 18 فروری تک کی ڈیڈ لائن دی ہے یونیورسٹی انتظامیہ فوری طور پر مین گیٹ کھولے اور تمام بیریئرز ہٹائے جائیں۔ تعلیمی ماحول کی بہتری کے لئے ضروری ہے کہ انتظامیہ طلبہ کی مشکلات کو مدنظر رکھے اور ان کے مسائل کا فوری حل نکالے اگر انتظامیہ نے 18 فروری تک اپنا فیصلہ واپس نہیں لیا تو احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔