• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فسادی پہلے سرینڈر پھر رحم کی توقع کریں، ہم کامریڈ کی طرح لڑتے ہیں، فوج کبھی نہیں ہارے گی، آرمی چیف

اسلام آباد (صالح ظافر/ فاروق اقدس) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ فسادی پہلے سرینڈر پھر رحم کی توقع کریں، کامریڈ کی طرح لڑتے ہیں، جب تک قوم اور بالخصوص نوجوان ساتھ کھڑے ہیں پاک فوج کبھی نہیں ہارے گی، ہم فتنہ الخوارج کےفسادیوں سے لڑ رہے ہیں،اسلام کی غلط تشریح کرنے والے گمراہ کن گروہ کو کبھی ملک پر اپنی اقدار مسلط نہیں کرنے دینگے، انہوں نے فتنہ خوارج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عورت کو سب سے زیادہ عزت اسلام نے دی تو آج اسے چھیننے والے تم کون ہوتے ہو؟ تمہیں یہ اختیار کس نے دیا؟ ۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے یہ گفتگو 12 فروری کو ملک بھر کی جامعات سے آئے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کا 3 منٹ 10 سیکنڈ کا کلپ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیا گیا۔ بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیرنے واشگاف طور پر اعلان کیا ہے کہ مذہب اسلام نےخواتین کو زیادہ سے زیادہ توقیر عطاکی ہے گمراہی کی سوچ کے حامل رکنی گروہ کو اسے چھیننے نہیں دینگے۔ جب تک قوم اور بالخصوص نوجوان پاک فوج کے پیچھے کھڑے ہیں اور ہمارے اندر قربانی کا جذبہ موجزن ہے فوج کو کبھی ہزیمت کاسامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ وہ اتوار کو ملک کے مختلف علاقوں سے طلبا اور طالبات کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے جس میں انہوں نے قرآن حکیم کی آیات کا ان کی حرف و نحو کے عین مطابق تلاوت کرکے ترجمہ فی البدیہہ پیش کیا جن میں فتنہ الخوارج کی حقیقت بیان کی گئی ہے اور ان کے لئے وعید صادر کی گئی ہے۔ جنرل سید عاصم منیر پاکستان کی مسلح افواج کے پہلے سربراہ ہیں جو نہ صرف حافظ قرآن ہیں بلکہ انہوں نے حفظ قرآن کی سعادت مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کے بابرکت سائے میں حاصل کی جہاں وہ بطور کرنل پاکستان کی مسلح افواج کی نیابت کے گرانقدر منصب پر ذمہ داریاں ادا کررہے تھے۔ کرنل بن جانے کے بعد کی عمر میں قرآن حکیم کی ہر آیات کو یاد کرلینا بھی اللّٰہ تعالی کے خصوصی طفل و کرم کے بغیر ممکن نہیں۔ وہ دینی شعائر کی بجا آوری میں کسی بھی فرض کی ادائیگی میں مصروف ہوں کوتاہی سے گریز کرتے ہیں۔ طلبا اور طالبات نے ان کے خطاب کے دوران بار بار اور تادیر تالیاں بجا کر ان کی گفتگو کے لئے اپنا خراج پیش کیا۔ جنرل سید حافظ عاصم منیر نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں سے جب بھی گفتگو ہوتی ہے وہ ان کے لئے انتہائی خوشی کا باعث بنتی ہے نوجوانوں کا جوش و خروش اور جذبہ اس امر کا غماز ہے کہ ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے جب تک قوم پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے خصوصاً نوجوان اس کے پشتبان ہیں اور جب تک ہمارے اندر قربانی کا جذبہ زندہ اور موجزن ہے پاکستان کی فوج کو کبھی ہزیمت کاسامنا نہیں ہوگا۔ انہوں نے مسلح افواج کی صفوں میں بے مثال یک جہتی کاحوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم فوج میں یمین ویسار بن کرلڑتے ہیں جنرل عاصم نے اس کے لئے کامریڈ کی اصطلاح استعمال کی اور کہا کہ پاک فوج کی یہی خوبصورتی ہے کہ ہم ایک ساتھ بیٹھتے اور دشمن سے لڑتے ہیں ہمیں کوئی علم نہیں ہوتا کہ کون پختون، کون سندھی، کون بلوچی اور کون پنجابی یا پٹھان ہے اس پر ملک بھر کی جامعات سے آئے طلبا نے زوردار تالیاں بجائیں۔

اہم خبریں سے مزید