وزیرِ مملکت آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی سب میرین کیبل پاکستان پہنچ چکی ہے، ضرورت پڑنے پر مزید سب میرین کیبل بھی پاکستان پہنچے گی۔
اسلام آباد میں فائیو جی پر منعقد سمینار سے خطاب میں شزا فاطمہ نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت انٹرنیٹ سے متعلق مسائل ہیں، دباؤ کی وجہ سے کبھی کبھی انٹرنیٹ میں مسائل آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مئی یا جون میں اسپیکٹرم آفر کرنے جا رہا ہے، اپریل کے آغاز میں اسپیکٹرم سے متعلق نیلامی کریں گے، 20، 20 سال سے کئی میگا ہرٹز قانونی مسائل میں پھنسے تھے، نیلامی کے بعد 5 جی کے ساتھ 4 جی میں بھی بہتری ہو گی۔
وزیرِ مملکت آئی ٹی نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی انٹرنیٹ کیبل گزشتہ ماہ سے پاکستان سے جڑی ہے، دنیا میں فائیو جی کی وجہ سے 1.3 ٹریلین ڈالرز کی جی ڈی پی پیشگوئی کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں پاکستان کو کنیکٹیوٹی میں بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں، بہتر کنیکٹیوٹی کے ساتھ پاکستان انٹرنیٹ سے متعلق موزوں ملک ہو گا۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی جانب سے 25 ارب ڈالرز کا ٹارگٹ بہتر کنیکٹیوٹی سے مکمل کریں گے، 3.2 بلین ڈالرز کی آئی ٹی ایکسپورٹس کو 15 بلین ڈالرز تک لے کر جائیں گے۔