پاکستانی فلموں اور ڈراموں کی معروف اداکارہ مہوش حیات بھارتی گلوکار یویو ہنی سنگھ کے ساتھ گلوکاری کرتی نظر آئیں گی۔
میڈیا سے خصوصی بات چیت کے دوران مہوش حیات کا کہنا تھا کہ میں اداکاری کے ساتھ موسیقی پر بھی توجہ دے رہی ہوں۔ اس سال میرے دو گانے ریلیز ہوں گے، ایک گانا بین الاقوامی شہرت یافتہ پاپ سنگر یویو ہنی سنگھ کے ساتھ بھی ہونے کو تیار ہے۔
مہوش حیات نے کہا کہ کورونا کی وبا کے بعد پاکستان فلم انڈسٹری سنبھل نہیں سکی، کورونا کے بعد شوبزنس میں بہت تبدیلیاں رونما ہوئیں۔ او ٹی ٹی پلیٹ فارم آگیا۔ نیٹ فلکس پر گھر بیٹھے تفریحی ملنے لگی۔
انہوں نے کہا کہ اب ناظرین کا مزاج بلکل بدل گیا، رواں برس کچھ فلمیں بن رہی ہیں جو اسی سال ریلیز ہوں گی، میں نے بھی اپنی ایک فلم مکمل کرلی ہے۔جو عیدالاضحیٰ پر ریلیز ہوگی۔
اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ میرا ایک زبردست ڈراما جیو انٹرٹیمنٹ سے شروع ہونے والا ہے۔ 7 برس کے بعد ٹیلی ویژن ڈراموں میں واپسی کررہی ہوں۔ اس ڈرامے میں میرے ساتھ احسن خان لیڈ پر ہیں۔ ڈرامے کی ایک جھلک نے دھوم مچادی ہے۔
مہوش حیات نے کہا کہ میرا اس ڈرامے میں ڈبل کردار ہے یا نہیں، اس بارے میں کچھ نہیں بتاؤں گی، مداح مجھے مختلف کردار میں دیکھیں گے۔