کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر/خ ن) چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اور کنٹرولر نے دو امتحانی سنٹرزجعلی امیدوار اور موبائل فونز ،نقل کرنےپر دونوں امتحانی سینٹرز کے عملے کو معطل کر دیا ،بورڈ ذرائع کے مطابق بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرمین میر اعجاز عظیم بلوچ ،کنٹرولر امتحانات میڈم عابدہ کاکڑ نے وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی کی ہدایت پرمیٹرک کے جاری امتحانات کے سلسلے میں تعمیر نو کالج اور گورنمنٹ ہائی سکول شفیق احمد خان میں قائم امتحانی سینٹرز پر چھاپہ مارا ، اس دوران امیدواروں سے موبائل فونز ،نقل کا مواد اور جعلی امیدوار پکڑ لئے ،اس موقع پر چیئرمین میراعجاز عظیم بلوچ اور کنٹرولر عابدہ کاکڑ نے دونوں امتحانی سینٹرز کے عملے کو معطل کردیا۔ چیئرمین اور کنٹرولر کا کہنا تھاکہ وزیر تعلیم راحیلہ حمیددرانی کی سختی سے ہدایات ہیں کہ نقل کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں ،بلوچستان بھر میں میٹرک کے امتحانات کا سلسلہ جاری ہے اور نقل کی روک تھام ،موبائل کے استعمال کی ممانعت اور اپنی جگہ کسی اور کو بٹھانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات ہیں بلوچستان بھر میں میٹرک کے امتحانات کے دوران دفعہ144نافذ ہے ۔ امتحانی مراکز کے قریب کسی بھی غیر متعلقہ فرد کو گھومنے کی اجازت نہیں ہے ایسے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔