کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے پاک عمان ہسپتال پسنی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیاہے۔وائی ڈی اے کے ایک بیان میں کہاگیاکہ گذشتہ روز پاک عمان ہسپتال پسنی میں ہسپتال کے طبی عملے، خصوصا خواتین اسٹاف کے ساتھ بدسلوکی، گالم گلوچ اور ہسپتال کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔یہ غیر مہذب اور ناقابل قبول رویہ نہ صرف طبی پیشے کے تقدس کے خلاف ہے بلکہ ہسپتال کے محفوظ اور پیشہ ورانہ ماحول کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔ہسپتال مریضوں کے علاج اور فلاح کے مراکز ہیں، جہاں طبی عملہ دن رات اپنی خدمات انجام دیتا ہے۔ ایسے مقامات پر بدتمیزی اور تشدد کسی بھی صورت برداشت نہیں ۔ طبی عملے بالخصوص خواتین کے ساتھ اس قسم کا رویہ ناقابل قبول ہے اور فوری کارروائی کا متقاضی ہے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیاکہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے اور طبی عملے کو محفوظ اور باعزت ماحول فراہم کیا جا سکے۔