کراچی (جنگ نیوز ) کرکٹ کے دیوانوں کیلئے بڑی خوشخبری ہے کہ دنیائے کرکٹ کے سب سے سنسنی خیز اور شاندار ٹورنامنٹ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے پاکستان میں ہونے جا رہا ہے۔ پاکستان کے پہلے نجی اسپورٹس چینل ”جیوسوپر“ سے ایونٹ کے تمام میچز براہِ راست نشر کیے جائیں گے۔ اس ٹورنامنٹ کے ذریعے کرکٹ کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوگا جہاں 8 بہترین ٹیمیں ایک سنہری ٹرافی کے حصول کیلئے میدان میں اتریں گی۔ پاکستان میں بسنے والے کرکٹ کے دیوانوں کیلئے یہ لمحہ کسی خواب سے کم نہیں، جو اب حقیقت میں بدلنے جا رہا ہے۔ایونٹ کا افتتاحی معرکہ 19 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا، جہاں میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ کرکٹ کے شائقین کو سنسنی خیز بیٹنگ، جاندار بولنگ اور شاندار فیلڈنگ دیکھنے کو ملے گی جو اِن میں مزید جوش و جذبہ بھر دے گی۔ 23 فروری کو پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرا ہوگا۔