اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیراعظم شہباز شریف نے بیرون ملک پاکستانی مشنز میں خدمات کی فراہمی کےپورے نظام کی ڈیجیٹائزیشن اور وفاقی حکومت کی تمام وزارتوں اور محکموں میں 20 مارچ تک ای -آفس کا مکمل نفاذ کرنےکی ہدایت کی ہے جبکہ وفاقی کابینہ نے اقوام متحدہ کے کنونشن برائے سمندری قانون کے تحت بین الاقوامی قانونی معاہدے پر دستخط‘ صومالیہ کیلئے قومی شناختی نظام کے حوالے سے اڈینڈم 2 پر دستخط اور ان لینڈ ریونیو اپیلیٹ ٹربیونل (اپوائنٹمنٹ ، ٹرمز اینڈ کنڈیشنز آف سروس) رولز 2024 میں ترامیم کی منظوری دے دی ہے۔منگل کو وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا۔