کراچی ( اسٹاف رپورٹر )مصطفیٰ عامر قتل کیس میں گرفتار ملزم شیراز سے متعلق تفتیشی رپورٹ سامنے آ گئی ، رپورٹ کے مطابق ملزم شیراز نے بتایا کہ ارمغان نے مصطفیٰ کو سر اور گھٹنوں پر ڈنڈے سے مارا تو اس کا خون بہنا شروع ہوگیا، ارمغان نے پھر ایک رائفل اٹھائی اور دیوار پر 2 فائر کئے، ارمغان کے گھر پر خون کے نشانات کو ملازمین سے صاف کروایا گیا۔ تفتیشی رپورٹ کے مطابق ملزم شیراز اور ارمغان بچپن کے دوست ہیں اور اسکول میں ساتھ پڑھتے تھے۔ اسکول کے بعد اب ڈیڑھ سال قبل ارمغان سے شیراز کی دوبارہ دوستی ہوئی۔ ارمغان کے بنگلے پر شیر کے 3 بچے بھی موجود تھے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ارمغان بنگلے میں تنہا رہتا تھا اور کال سینٹر چلاتا تھا۔ کال سینٹر میں خواتین سمیت 30 سے 35 افراد کام کرتے تھے۔