کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حادثات کوئی سیاسی ایشو نہیں ہیں بلکہ یہ ایک انتظامی مسئلہ ہے‘ اب کوئی شعلہ بیانی نہیں کرے گا۔یہ بات انہوں نے منگل کوکراچی میں حادثات اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اہم ترین اجلاس سے خطاب میں کہی۔اجلاس میں کراچی میں ہونے والے روڈ حادثات‘ہیوی ٹرانسپورٹ کے اوقات کار اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں کراچی جیل چورنگی کے علاقے میں گزشتہ رات روڈ حادثے میں ایک شہری کی ہلاکت اور اس کے بعد پانچ گاڑیوں کو نظر آتش کرنے پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کے بعدمشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز نے اپنا موقف رکھا اور ٹرانسپورٹرز نے بھی اپنے مسائل بتائے ہیں ‘اجلاس میں اتفاق ہوا کہ حادثات پر سیاسی بیان بازی نہیں ہوگی‘ہم سب چاہتے ہیں کہ کراچی شہر کا امن امان برقرار رہے ۔