راولپنڈی (وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر)پنجاب بھر میں پولیس ملازمین کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نگرانی متعلقہ پی آراوزکو کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں ۔ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز برائے انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی جانب سے مراسلے میں کہاگیاہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی سے متعلق پوسٹس ،ویڈیوز اور دیگر مواد کی پوری طرح نگرانی نہیں کی جا رہی ۔کسی بھی پولیس ملازم کی جانب سے ریاست، حکومتی محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں وغیرہ کے خلاف قابل اعتراض، غیر قانونی اور نامناسب مواد اپنے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شئیر کرنا بدانتظامی کے زمرے میں آتا ہے ،ایسا کرنے والے ملازم کے خلاف مناسب قانونی محکمانہ کارروائی کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ پنجاب پولیس کے تمام پبلک ریلیشن آفیسرز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اس حوالے سے ہدایات پر سختی سے عمل کریں،اپنے متعلقہ اضلاع اور یونٹس میں تمام پولیس اہل کاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی چوکس رہ کرنگرانی کریں۔