پاکستانی نژاد بھارتی اداکارہ سلمیٰ آغا کی بیٹی و بھارتی اداکارہ و گلوکارہ زارا خان نے حال ہی میں عمرے کی سعادت حاصل کی اور مکہ و مدینہ سے خوبصورت تصاویر بھی شیئر کیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بھارتی اداکارہ و گلوکارہ نے گزشتہ دنوں شبِ معراج کی مبارک باد دیتے ہوئے مدینہ منورہ کی گلیوں سے خوبصورت تصاویر شیئر کیں۔
سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ مہربانی ایمان کی علامت ہے، شبِ معراج مبارک۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی بیشتر تصاویر میں انہیں سفید عبایا میں دیکھا جا سکتا ہے۔
زارا خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ان تصاویر نے صارفین کی توجہ حاصل کر لی جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سلمیٰ آغا نے 1981ء میں پاکستانی اداکار جاوید شیخ سے شادی کی تھی جو محض 6 سال بعد 1987ء میں طلاق پر ختم ہوئی۔
بعد ازاں پاکستانی اسکواش کھلاڑی رحمت خان اور سلمیٰ آغا 1988ء میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے، ان کی دوسری شادی بھی 2010ء میں طلاق پر ختم ہو گئی تاہم دوسری شادی سے سلمیٰ آغا کی بیٹی زارا خان ہیں۔
زارا خان نے 2013ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’اورنگزیب‘ کے گانے ’بربادیاں‘ سے موسیقی کے ساتھ ساتھ اداکاری کی دنیا میں بھی قدم رکھا، تاہم 2019ء میں ریلیز ہونے والی البم خود سے زیادہ ان کی پہلی میوزک البم تھی۔