کراچی(اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا تیسرا میچ جمعے کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں افغانستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ بنگلہ دیش کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا ہے کہ کسی دباؤ کا شکار نہیں ، بڑے ٹورنامنٹ کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کنڈیشن ہمارے لئے آئیڈیل ہیں ۔ پاکستان میں افغانستان ٹیم کے چاہنے والے بہت ہیں، جب تماشائی سپورٹ کرتے ہیں تو اچھا لگتا ہے، دو سال سے اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں، دو ورلڈ کپ میں کارکردگی اچھی رہی ، بدقسمتی سے ٹائٹل نہ جیت سکے۔ انہوں نے افغانستان میں کرکٹ سہولتیں نہ ہونے کا تاثر غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں کرکٹ گراؤنڈ ہیں ، اکیڈمی، ہائی پرفارمنس سینٹر ہیں، ڈومیسٹک ایونٹ ہوتا ہے ۔ جنونی افریقا کے کپتان ٹیمبا باؤما نے کہا کہ افغان اسپنرز مشکلات پیدا کر سکتے ہیں ۔ کراچی کی وکٹ بیٹرز کوفائدہ دے سکتی ہے، ہر میچ ہمارے لیے ناک آؤٹ کی طرح ہے۔ ہم 3 نہیں 5 میچ کھیلنے کے ارادے سے آئے ہیں۔