کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جدید کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سی ڈی اے بورڈ نے اسٹیڈیم کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے۔ تعمیر سے متعلق حتمی فیصلہ فزیبلٹی رپورٹ کے بعد ہوگا، سی ڈی اے حکام کے مطابق 1960 کے ماسٹر پلان میں شکر پڑیاں کے قریب اسٹیڈیم کی تعمیر شامل تھی، سی ڈی اے شکر پڑیاں کے قریب جگہ کو اس کیلئے موزوں قرار دیا ہے تاہم ذرائع کے مطابق 1979 میں آرڈیننس کے ذریعے شکر پڑیاں کے علاقے کو نیشنل پارک قرار دیا گیا تھا جس کے بعد سے تعمیرات پر پابندی عائد ہے۔ اسٹیڈیم کی تعمیر کی تجویز اگلے سی ڈی اے بورڈ اجلاس میں رکھی جائے گی ، رضامندی ملنے پر وفاقی حکومت سے مذکورہ آرڈیننس کو واپس لینے کی درخواست کی جائے گی۔