کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے کلفٹن میں کمرشل سرگرمیوں کےخلاف ڈائریکٹر جنرل سیپا اور ڈی جی کے ڈی اے کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ ہائی کورٹ میں کلفٹن میں کمرشل سرگرمیوں کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ رہائشی علاقے میں کمرشل سرگرمیوں سے ذاتی زندگی متاثر ہو رہی ہے۔ عدالت نے 7 فروری کو ریسٹورنٹ بند کرنے کا حکم دیا تھا۔ تاحال عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں ہوا ہے۔ عدالتی حکم پر عمل درآمد نا کرنے پر عدالت نے اظہار برہمی کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کریں۔ وکیل ایس بی سی اے نے کہا کہ ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کل ہی چارج لیا ہے۔ ہم عدالتی حکم پر من وعن عمل درآمد کر لیں گے۔