کراچی(اعظم علی /نمائندہ خصوصی) ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کراچی پیر محمد شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں چلنے والے تمام واٹر ٹینکرز‘ڈمپرز‘ٹرالرز اور دیگر ہیوی گاڑیاں چلانے والے ڈرائیورزکی اسکریننگ جمعہ سےشروع کردی گئی ہے جس میں ان کے ڈرائیونگ لائسنس‘شناختی کارڈ‘گاڑی کے فٹنس سرٹیفکیٹ اور دیگر دستاویزات کی جانچ پڑتال کی جائے گی‘ٹریفک حادثات کو امن وامان کا مسئلہ نہیں بننے دیں گے۔ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے پیرمحمد شاہ کا کہناتھاکہ کراچی کی بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئے ایک جامع آپریشن کا منصوبہ بنایا جارہا ہے جس میں تمام امور شامل ہیں ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سواروں کی اکثریت ہیلمٹ نہیں پہنچتی جس پر عمل درآمد کروایا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا ٹریفنگ حادثات کا ایشو لسانی معاملہ نہیں بلکہ انتظامی مسئلہ ہے جسے کنٹرول کر لیا جائے گا۔