اسلام آباد (فاروق اقدس)رواں ماہ کے آخری ہفتے میں اپوزیشن جماعتوں کی دو روزہ قومی کانفرنس اسلام آباد میں ہوگی، مولانا فضل الرحمان ۜسعودی عرب سے ویڈیو کانفرنس میں خطاب کریں گے، حکومت مکمل ناکام ہے آئین توڑ کر ملک نہیں چلتے، پارلیمان رات کے اندھیرے میں قانون بناتا ہے اور ملکی فیصلے وہ کر رہے جو نمائندے ہی نہیں ہیں، وکٹوں کی سیاست ناکام ہوچکی ہے، ہم کسی الائنس کا حصہ نہیں، ملکی مفاد پر بیٹھ کر بات ہونی چاہیے۔ یہ بات سربراہ عوام پاکستان پارٹی اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جمعہ کو راولپنڈی میں اپنی پارٹی کے سیکرٹریٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی،شاہد خاقان عباسی اور محمود اچکزئی نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی ۔ اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی کانفرنس میں میڈیا وکلا دانشوروں سب کو دعوت دیں گے، کانفرنس 26 اور 27 فروری کو اسلام آباد میں ہوگی۔ شاہد خاقان نے کہا کہ اپوزیشن کی کانفرنس میں لوگوں کو امید دیں گے، دونکاتی ایجنڈا آئین بالادستی اور ملکی مسائل کا حل ہوگا، پاکستان میں سیاسی جمود توڑیں گے۔ پاکستان میں عوام کی بات کرنے والا کوئی نہیں، پاکستان جمہوریت کے بغیر نہیں رہ سکتا، جمہوریت کیلئے آئین کی بالادستی ضروری ہے، جس ملک میں الیکشن چوری ہوتے ہوں وہ ملک نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا نوجوان مایوسیوں کی طرف جارہا ہے، وہ کرپشن سے پاک پاکستان چاہتا ہے، ملکی مفاد کیلئے اپوزیشں کا کام کرنا چاہ رہے ہیں، اپوزیشن کی سوچ عوام کی فلاح ہونا چاہئے۔ سردار مہتاب عباسی نے کہا کہ ہمارا ملک جن حالات سے گزر رہا جو حکمرانوں کی زبان سے آپ سب اچھا سنتے ہیں وہ اچھا نہیں ہے یہ تاریخ کا بدترین دور ہے، مخالفین کو جیل میں انصاف نہ فراہم کرنے کا دور ہے، پاکستان سے نوجوان ڈگریاں لے کر جارہے تھے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور محمود خان اچکزئی نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نوازشریف سے میرے اور شاہد خاقان عباسی دونوں کے ذاتی طورپر اچھے تعلقات ہیں، انہوں نے جو بھی راستہ چنا ہے اپنی مرضی سے چنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کی بالادستی کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہم کل پیر پگاڑا کے پاس بھی جائیں گے۔مولانا فضل الرحمان عمرے پر جارہے ہیں، کیا وہ قومی کانفرنس میں شریک نہیں ہوں گے؟صحافی کے سوال پر محمود اچکزئی نے کہا کہ ان کی جماعت کا وفد قومی کانفرنس میں شرکت کرے گا، مولانا فضل الرحمان ویڈیو لنک کے ذریعے قومی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔