اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) ایک مثبت پیش رفت میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ آپس میں سپلائی پرچیز معاہدے (ایس پی ایز) طے کریں، جن میں ’’ٹیک یا پے‘‘ کی لازم شق شامل ہو۔ اس اقدام کا مقصد ریفائنریز سے پیٹرولیم مصنوعات کی کم اٹھان کے مسئلے کو ہمیشہ کے لیے حل کرنا ہے۔ یہ ہدایت ریگولیٹر کی جانب سے ایک خط کے ذریعے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریز کے سی ای اوز اور مینیجنگ ڈائریکٹرز کو بھی دی گئی ہے۔ خط میں اوگرا نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریز کو ہدایت دی کہ وہ آپس میں سپلائی- پرچیز معاہدے ایک لازم شق کے ساتھ طے کریں اور 30 دنوں کے اندر نفاذ کے اسٹیٹس اپ ڈیٹ کی فراہمی کے ساتھ تعمیل کی تصدیق کریں۔