کراچی ( ثاقب صغیر/اسٹاف رپورٹر ) مصطفیٰ عامر قتل کیس میں پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ملزم ارمغان کے گھر سے برآمد بھاری اسلحہ کی جانچ سی ٹی ڈی کا آرمز ٹریفیکنگ اینڈ مانیٹرنگ ڈیسک کرے گا،ملزم ارمغان کے گھر سے لیپ ٹاپ سمیت دیگر ڈیوائسز کا فارنسک کیا جائے گا۔ملزم کے گھر سے چلائے جانے والے کال سینٹر کی تفصیلات جاننے کے اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل سے بھی رابطہ کیا ہے۔کال سینٹر میں رقم کی منتقلی سمیت اور کیا کام کیا جاتا تھا اس حوالے سے ایف آئی اے تفتیش کرے گی۔ایس ایس پی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل انیل حیدر کے مطابق ملزم ارمغان کے گھر سے برآمد بھاری اسلحہ کی جانچ سی ٹی ڈی کا آرمز ٹریفیکنگ اینڈ مانیٹرنگ ڈیسک( ATMD ) کرے گا جبکہ ارمغان کے منشیات کی سپلائی میں ملوث ہونے کے حوالے سے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ( ایس آئی یو )کام کر رہی ہے۔تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ اے وی سی سی کی ٹیم بلوچستان کے علاقے حب میں جائے وقوعہ پر موجود گاڑی سے متعلق تفصیلات بھی لے گی۔پولیس کو مصطفیٰ کی قبرکشائی کے بعد ڈی این اے رپورٹ کا انتظار ہے۔