اسلام آ باد ( رانا غلام قادر) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں حج معاونین کی سلیکشن پر گرما گرم بحث ہوئی، 35 منٹ میں 5 کلومیٹر کی دوڑ کا معیار کیوں رکھا گیا، کیا معاونین کو ریس میں حصہ لینا ہے؟ شگفتہ جمانی کا اعتراض، حج کے دوران معاونین کو بہت زیادہ چلنا پڑتا ہے، جسمانی صلاحیت جانچنا ضروری ہے۔ چیئر مین کمیٹی عامر ڈوگر ، NTSکیوں سلیکشن کرتا ہے؟ سردار یوسف ،وزارت قانون کی رائے پر فیصلہ کیا گیا، ایڈیشنل سیکرٹری عطا ء الر حمن ، کمیٹی کے ارکان نے حج معاونین کی سلیکشن کے طریقہ کار پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پرا سیس میں مزید شفافیت لانے کی سفارش کر دی۔ کمیٹی کا اجلاس میں کی گئی جو چیئرمین ملک عامر ڈوگر کی صدارت میں منعقد ہوا، کمیٹی نے معاونین کو تربیت فراہم کرنے کی بھی سفارش کی۔ چیئر مین قائمہ کمیٹی ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ حج معاونین کی جو سلیکشن کا معیار ہے اس پہ کافی اعتراضات ہیں، انہوں نے اگلے اجلاس میں وزارت سے ایم ٹی ایس امتحان کے پیپر‘ منتخب معاونین کی فہرست اور دوسرے مسلم ممالک کے سلیکشن پرا سیس کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ حج معاونین کی سلیکشن پر کمیٹی رکن شگفتہ جمانی نے اعتراض کرتے ہوئے کہاکہ کئی صحت مند افراد کو فیل کر دیا گیا جبکہ بیمار افراد کو منتخب کر لیا گیا،پینتیس منٹ میں پانچ کلومیٹر کی دوڑ کا معیار کیوں رکھا گیا، کیا معاونین کو وہاں ریس میں حصہ لینا ہے؟ اس پر چیئرمین کمیٹی ملک عامر ڈوگر نے وضاحت دی کہ حج کے دوران معاونین کو بہت زیادہ چلنا پڑتا ہے، اس لیے ان کی جسمانی صلاحیت کو جانچنا ضروری ہے۔