کراچی (نیوز ڈیسک) سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن (سندھ ایچ ای سی) نے اقرا یونیورسٹی کراچی کے ساتھ اشتراک میں سندھ بھر کی جامعات کے وائس چانسلرز اور پرو وائس چانسلرز کیلئے تین روزہ ’’پروفیشنل ڈویلپمنٹ پروگرام‘‘ (فیز ٹوُ) کا کامیاب انعقاد کیا اور اختتامی تقریب جمعہ کو مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ 19؍ سے 21؍ فروری تک جاری رہنے والے اس تربیتی پروگرام میں غیر ملکی ٹرینر اور یورپ، وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں تعلیم کے شعبے میں خدمات انجام دینے والی شخصیت ڈیوڈ جے لاک نے وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلرز کو جامعات میں اسٹریٹجک منصوبہ بندی اور عمل درآمد، مالیاتی پائیداری اور رسک مینجمنٹ، اور یونیورسٹی گورننس اور اقدار کے اہم موضوعات سے روشناس کرایا۔ پروگرام کا اختتام اسناد کی پروقار تقسیم کی تقریب سے ہوا، تربیتی پروگرام کی خاص بات بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے وائس چانسلرز کی شرکت تھی۔ مجموعی طور پر، اس پروگرام میں سندھ بھر کی سرکاری یونیورسٹیوں اور نجی شعبے کی یونیورسٹیوں کے 64 وائس چانسلرز اور پرو وائس چانسلرز نے شرکت کی۔ تقریب کے آخری دن، اپنا جائزہ پیش کرتے ہوئے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سیکریٹری معین الدین صدیقی کا کہنا تھا کہ سندھ ایچ ای سی صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے معیار پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کا مقصد یونیورسٹیوں میں تحقیق، معیار اور گورننس کو فروغ دینا اور انہیں خود کفیل بنانا ہے۔ انہوں نے غیر ملکی مہمان ٹرینر مسٹر ڈیوڈ جے لاک (سیکرٹری جنرل آف دی میگنا چارٹا آبزرویٹری) اور وائس چانسلرز کا اس تقریب کو کامیاب بنانے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سندھ کی تمام یونیورسٹیوں کیلئے وزیر اعلیٰ سندھ کی حمایت کو سراہا۔ اس موقع پر حکومت سندھ کے محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے سیکریٹری عباس بلوچ نے کہا کہ سندھ ایچ ای سی کے چیئرپرسن اور سیکریٹری صوبے میں تعلیم کی بہتری کیلئے گراں قدر اقدامات اور شاندار تقاریب کا انعقاد کر رہے ہیں اور جس طرح یہاں ایک فورم پر بین الاقوامی ٹرینر کی خدمات حاصل کرکے صوبائی جامعات کے وی سیز کی استعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔