کراچی ( اسٹاف رپورٹر)دنیا بھر کی طرح سندھ میں بھی عالمی یوم اسکاؤٹس انتہائی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ،اس موقع پر سندھ بھر میں اسکاؤٹ تقریبات کا انعقادا ، ریلیاں اور شجر کاری کی گئی، اس حوالے سے مرکزی تقریب گلستان اسکاؤٹس ٹریننگ سینٹر گلشن اقبال کراچی میں منعقد ہوئی ،جس میں اسکاؤٹ تحریک کے بانی کی سالگرہ کا کیک کاٹاگیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی اسکائوٹ سیکریٹری سید اختر میر کا کہنا تھا کہ لارڈ بیڈن پاول نے 1907ء میں جس تحریک کا آغاز کیا تھا آج دنیا کے کونے کونے میں یہ تحریک نوجوانوں کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کررہی ہے ، پاکستان خصوصاً سندھ بھر میں گزشتہ برسوں میں اسکاؤٹ تحریک پروان چڑھی ہے ، صوبائی ہیڈ کوارٹرز پر پرچم کشائی کی تقریب بھی منعقد ہوئی ۔دریں اثناء، خیر پور میں ورلڈ اسکاؤٹ ڈے کے حوالے سے نائب صوبائی سیکریٹری رضا محمد شیخ کی سرپرستی میں دو روزہ اسکاؤٹس کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں 250سے زائد طلبا و طالبات نے شرکت کی،اس موقع پر سابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی بیٹی نفیسہ شاہ، سابق ایم این اے نواب علی خان وسان ،ضلع کونسل خیر پور کے وائس چیئرمین سید فہد علی شاہ جیلانی نے شرکت کی، علاوہ ازیں، حیدر آباد ، میر پور خاص، ٹھٹھہ ، بدین ، لاڑکانہ ،سکھر ، نوشہروفیروز،شکار پور،جیکب آباد میں تقریبات منعقد ہوئیں ۔