کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سیکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اپنی سیاسی بقاء کے لئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیٰ آفریدی کے مشورے پر عمل کرے، سیاسی جماعتوں سے اختلافات کے باعث پی ٹی آئی اور اس کے بانی کی سیاسی ساکھ کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ پی ٹی آئی موجودہ جمہوری نظام کو دل سے تسلیم کر کے اسے جاری رہنے دے، بار بار کے احتجاج سے اس جماعت کو کچھ حاصل نہیں ہوگا، پنجاب میں بھی اس کی مقبولیت کم ہوگئی ہے، سندھ میں پہلے ہی برائے نام تھی، اس وقت خیبر پختونخوا میں اس کا گراف تنزلی کی جانب گامزن ہے،موجودہ حکومت کی انتھک محنت سے ملک میں معاشی صورت حال میں بہتری دکھائی دے رہی ہے جسے عید الفطر کے بعد پی ٹی آئی نے تباہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جو کسی صورت کامیاب نہیں ہوسکے گا،انہوں نے کہا کہ غرملکی حکمرانوں کی جانب دیکھنے کے بجائے عمران خان اور ان کے ساتھی پاکستانی اداروں اور حکمرانوں کے ساتھ بات چیت کر کے مفاہمت کا راستہ اختیار کریں، مزاحمت سے کسی بھی جماعت کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا ہے،ماضی میں کئی سیاسی جماعتیں ٹکرائو کے باعث اپنے انجام کو پہنچ چکی ہیں، پی ٹی آئی منتخب ایوانوں میں بطور اپوزیشن اپنا مثبت کردار ادا کرے۔