کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سینیٹر فیصل واوڈا کی یقین دہانی کے بعد پاکستان کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن نے غیرمعینہ مدت کی ہڑتال کی کال واپس لینے کا اعلان کردیا۔ سینیٹر فیصل واواڈ نے کسٹم ایجنٹس کو بدھ کے دن سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں شرکت کی دعوت ہے، ان کے مسائل حل کریں۔ تفصیلات کے مطابق کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے مطالبات کیلئے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کیا تھا تاہم سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے بحری امور کے چیئرمین سینیٹر فیصل واوڈا پریس کانفرنس میں پہنچ گئے اور انکی یقین دہانی پر کسٹم ایجنٹس نے ہڑتال کی کال واپس لینے کا اعلان کر دیا۔ فیصل واوڈا نے کسٹم ایجنٹس سے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے کہنے پر کسٹمز ایجنٹس نے ہڑتال ختم کردی ہے، کسٹم ایجنٹس کے توسط سے ماہانہ 400 ارب روپے مالیت کی کسٹم ڈیوٹی ادائیگیاں ہوتی ہیں اس لیے انکی ہڑتال سے ملک و معیشت کو ناقابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے جسکے باعث مہنگائی بڑھنے کا بھی خدشہ ہے۔سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ کسٹمز ایجنٹس کا مسئلہ حل کرینگے۔ انہوں نےکسٹم ایجنٹس سے کرپٹ افسران کی فہرست مانگتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کا المیہ یہ ہے کہ چھوٹے چوروں کو پکڑلیا جاتا ہے اور بڑے چوروں کو چھوڑ دیا جاتا ہے۔