وانا (آئی این پی) جنوبی وزیرستان میں آٹھ روز قبل اغوا ہونے والے چیمبر آف کامرس ساتھ وزیرستان اپر کے صدر سیف الرحمن وزیر رہا ہوگئے، جس پر تاجر برادری نے مسرت کا اظہار کیا۔ انکی رہائی کو کاروباری طبقے کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ آٹھ روز قبل 14 فروری کو انگور اڈہ سے واپسی پر سیف الرحمن وزیر کو دو کسٹم اہلکاروں سمیت نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر ناصر خان نے بتایا کہ ڈبلیو سی سی آئی کے صدر سیف الرحمن، کسٹم سپرنٹنڈنٹ نثار عباسی اور انسپکٹر خوشحال افغانستان کے ساتھ انگور اڈہ بارڈر کراسنگ پر کسٹم آفس سے واپس آرہے تھے کہ انہیں اغوا کر لیا گیا۔ اغوا کاروں نے انکی گاڑی روکی اور انہیں زبردستی نامعلوم مقام پر لے گئے۔ رہائی پانے والے سیف الرحمن وزیر کے برعکس، دونوں کسٹم اہلکار تاحال لاپتہ ہیں۔ تاحال حکام کی جانب سے کسٹم اہلکاروں کی بازیابی کے حوالے سے کوئی موثر پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔